صدر آصف علی زرداری سے سویڈن کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی کی ملاقات ،نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد
سٹاک ہوم ( نارڈک ٹائمز اردو سے ) صدر مملکت آصف علی زرداری سے سویڈن میں پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی نے ایوان صدر میں خصوصی ملاقات کی۔ پاکستان اور سویڈن کے درمیان ٹیکنالوجی، زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سویڈن کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ توانائی اور پائیدار ٹیکنالوجیز میں سویڈن کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران صدر مملکت نے نامزد سفیر احمد امجد علی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سویڈن کیساتھ باہمی تجارتی حجم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ قابلِ تجدید توانائی، پائیدار ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سویڈن کو ایک اہم اقتصادی شراکت دار اور یورپی یونین نیز اقوامِ متحدہ کا فعال رکن مانتا ہے، جبکہ دونوں ممالک جمہوری اقدار، انسانی حقوق اور عالمی قواعد کی پاسداری پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور تکنیکی تربیت کو فروغ دیں اور سویڈن میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن سے قریبی اور فعال روابط قائم رکھیں۔ احمد امجد علی سویڈن میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر سفیر پاکستان بلال حئی کی جگہ سنبھالیں گے۔ احمد امجد علی اس سے قبل بھی کئی اہم سفارتی عہدوں پر کام کر چکے ہیں، جن میں متحدہ عرب امارات (عجمان اور دبئی) میں پاکستان کے قونصل جنرل کے فرائض بھی شامل ہیں۔

