
سٹاک ہوم ( نارڈک ٹائمز اردو سے ) پاکستان ہاؤس سٹاک ہوم میں یومِ آزادی پاکستان کی تقریب روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب میں سویڈش سفارتخانہ کے عملہ میڈیا نمائیندگان سمیت پاکستانی خواتین و حضرات اوربچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن کو سفیر پاکستان بلال حئی اور ان کی اہلیہ کی جانب سے خوش آمدید کہا گیا ۔سفیر پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ بلال حئی نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ پاکستان کا سبز خلالی پرچم لہرایا، خصوصی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جسکی سعادت محمد زوالفقار نے خاصل کی ۔اس موقع پر ہیڈ آف ٹریڈ احسن ریاض چوہدری نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن سیدہ وردہ بی بی نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈارکے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے ۔ اپنے خطاب میں سفیر پاکستان بلال حئی نے یومِ آزادی پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ایک حقیقی معنوں میں بابرکت اور اہم دن ہے، جو پوری قوم کو جشن، قائداعظم اور تحریکِ آزادی کے دیگر راہنماﺅں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے، اپنے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے، اپنے شاندار ماضی سے حوصلہ حاصل کرنے اور گزشتہ کئی دہائیوں کی عظیم کامیابیوں کا اعتراف کرنے کے لیے متحد کرتا ہے.
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان موجودہ سال 2026ءکو قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر ”سالِقائداعظم محمد علی جناح“ کے طور پر منا رہی ہے قائداعظم کی عظیم فکری بصیرت کا تقاضا ہے کہ قوم ان کے اصولوں کو مضبوطی سے اپنائے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے. سفیر پاکستان نے کہا کہ قائداعظم نے قوم کو تین سنہری اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط دیے تھے اور ان اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی قوم آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی جانب گامزن ہو سکتی ہے
سفیر پاکستان نے کہا کہ سویڈن و فن لینڈ میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی محنت، لگن اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور سویڈن و فن لینڈ کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور تینوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سفیر پاکستان بلال حئی نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیرکے عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کی حمایت کی اور پاکستان کے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی عزم کا اعادہ کیا،
تقریب میں بچوں اور پاسٹر بوآز کامران اور ان کی ٹیم کی جانب سے قومی نغمے پیش کیے گئے ،
تقریب سے پاکستانی نژاد سویڈش سارہ ککا سلام مئیر آف سولنا کمیون سٹاک ہوم اور بچوں کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے پرجوش تقاریر بھی پیش کی گئیں ۔
تقریب کی خاص بات سفیر پاکستان بلال حئی نے کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں پاکستانی کمیونٹی کی شخصیات کو سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے اعزازی اسناد پیش کیں
تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان بلال حئی نے اپنی اہلیہ اور معزز مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کی یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔

