آزاد جموں و کشمیر کا الیکشن شیڈول تبدیل، انتخابات 3 مراحل میں کرانے کا فیصلہ

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں کرانے کا اعلان کر دیا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ 27 جولائی کو میر پور ڈویژن میں انتخابات ہوں گے، 2 اگست کو مظفر آباد اور مہاجرین جموں کشمیر کے انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔

جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل نے مزید کہا کہ پونچھ ڈویژن کے الیکشن 10 اگست کو ہوں گے۔

خیال رہے کہ میر پور ڈویژن میں کل 13 نشتیں ہیں، مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی کل 21 نشتیں ہیں، پونچھ ڈویژن میں 11 نشستیں ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار ہونے والے انتخابات کے نتائج اسی روز شام کو جاری کئے جائیں گے، جس دن پولنگ ہوگی اسی دن نتیجے کا اعلان ہوجائے گا، مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں انتخابات دو اگست کو ہوں گے۔